ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / کانگریس کارکن گھر گھر پہنچ کر حکومت کے کارناموں کو عام کریں: وینو گوپال

کانگریس کارکن گھر گھر پہنچ کر حکومت کے کارناموں کو عام کریں: وینو گوپال

Thu, 28 Dec 2017 11:07:41    S.O. News Service

میسورو،27/دسمبر(ایس او نیوز)کل بروز منگل آل انڈیا کانگریس کمیٹی جنرل سکریٹری و کرناٹکا کے انچارج کے سی وینوگوپال ، کے پی سی سی صدر ڈاکٹر جی پرمیشور اور اے آئی سی سی سکریٹری پی سی وشوناتھ ایک خصوصی طیارے کے ذریعہ میسور کے منڈکلی ائیر پورٹ پہنچے۔ بعد میں میسور کے اندراگاندھی کانگریس بھون میں منعقدہ بوتھ لیول کے کانگریسی کارکنوں کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کے سی وینوگوپال نے اپنے پورے اطمینان کا اظہار کیا کہ کرناٹکا میں وزیر اعلی ٰ سدرامیا کی قیادت والی کانگریسی حکومت نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اورگزشتہ پانچ برسوں میں اپنے بہترین فلاحی اسکیموں کے ذریعہ ایک بہترین انتظامیہ فراہم کیا ہے اور اسی کی بنیاد پر سال 2018 میں منعقد ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں کانگریس شاندار مظاہرہ کرے گی اور اگلے پانچ برسوں کے لئے اقتدار پر بحال رہے گی ۔اس موقع پر کرناٹکا کے انچارج جنرل سکریٹری وینوگوپال نے کانگریسی کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر پہنچ کر ریاستی حکومت کی جانب سے جاری کردہ فلاحی اسکیموں کے تعلق سے عوام کو جانکاری دیں ۔ وینوگوپال نے مزید کہا کہ یہ معقول وقت ہے اگر ہم ابھی سے عوام تک جاکر ہماری اسکیموں کو پہنچائیں گے تو آئندہ سال ہونے والے انتخابات میں ہماری جیت صد فیصد یقینی ہے۔ اب گجرات کے انتخابات ختم ہوجانے کے بعد سارے ملک کی نگاہیں ریاست کرناٹک کے اسمبلی انتخابات پر مرکوز ہیں۔ کے پی سی سی کے صدر ڈاکٹر جی پرمیشور نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ساری ریاست میں 54,000 بوتھ لیول کمیٹیاں تشکیل دی گئی ہیں اور کانگریس کی جانب سے 6.50 لاکھ کانگریسی کارکنوں کو شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں۔ اور بوتھ لیول کمیٹیاں کو تشکیل دینے میں ریاست کرناٹک اولین مقام پرہے اس لئے تمام کانگریسی کارکن ابھی سے محرک ہوجائیں اور کانگریس کو مزید مضبوط کرنے کی کوشش کریں۔ سابق ریاستی وزیر پروفیسر بی کے چندرشیکھر اور دوسرے کانگریسی قائدین نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ میسور کے حلقہ چامراجہ کے رکن اسمبلی واسو اور دوسرے کانگریسی قائدین اس موقع پر موجود تھے۔


Share: